🔰 ڈی پی او کوہستان لوئر کا چکئی انٹری چیک پوسٹ اور تھانہ دوبیر کا تفصیلی دورہ، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات.

18

کوہستان لوئر: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر ظفر احمد خان نے انٹری چیک پوسٹ چکئی اور تھانہ دوبیر کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
ڈی پی او نے موقع پر موجود پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور فعال بنایا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے ہدایت کی کہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں کی جائیں، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور مؤثر چیکنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں مزید تیزی لانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی پی او کوہستان لوئر نے ہوٹلز، سرائے اور کرایہ داروں کی مکمل ویریفکیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے E-Police Post، IVS، PSRMS، SVAS اور CRVS کے ذریعے ویریفکیشن اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر پراگرس رپورٹس پیش کی جائیں۔
انہوں نے غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے، قراقرم ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے، اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو مزید فعال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او نے تھانہ دوبیر میں قائم پولیس سہولت مرکز اور PSRMS کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ایس ایچ او اور محرر کو ہدایت دی کہ ایف آئی آر کا بروقت اندراج یقینی بنایا جائے اور کیسز کی روزانہ بنیاد پر پیش رفت رپورٹ کی جائے۔ مزید برآں پولیس سہولت مرکز پر آنے والے شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر کلیئرنس مقررہ وقت کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی پی او نے تمام افسران و اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔






آخر میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں