مانسہرہ کے مصروف علاقے لاری اڈہ میں جمعرات کے روز فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم بخت جمیل ولد عبدالرحمن، سکنہ گوشالی نالہ کوہستان، نے پرانی رنجش پر محمد زر ولد قیمت زر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زخمی حالت میں محمد زر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک ریڑھی بان بھی زخمی ہوا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ لاری اڈہ کے ایس ایچ او فیصل خلیل، اے ایس آئی عامر محبوب اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ، شفیع اللہ گنڈا پور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔