مانسہرہ پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، 8 کلو سے زائد چرس، ہیروئین اور آئس برآمد

57

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ رینج ناصر محمود ستی کی ہدایات اور ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے احکامات پر ضلع مانسہرہ میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ شنکیاری کیڈٹ ثاقب کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے تین مختلف مقدمات میں منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

ملزم عابدالرحمن ولد عزیزالرحمن سکنہ گیروال کو 2 کلو 975 گرام چرس اور 490 گرام آئس سمیت گرفتار کیا گیا۔

ملزم شاہ زیب ولد محمد شوکت سکنہ ملکال کے قبضے سے 2 کلو 615 گرام چرس اور 510 گرام ہیروئین برآمد کی گئی۔

ایک اور کارروائی میں ملزم خزیفہ ولد آدم خان سکنہ ملکال سے 2 کلو 635 گرام چرس اور 424 گرام آئس برآمد ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق تینوں ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے ناسور ہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں۔

ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف جاری مہم میں مزید گرفتاریاں اور برآمدگیاں متوقع ہیں، اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں