سنگڑ ٹول پلازہ: ٹول ٹیکس وصول، مگر سڑک خستہ حالی کا شکار — عوام شدید پریشان.

26

سنگڑ ٹول پلازہ پر مسافروں اور سیاحوں سے باقاعدگی سے ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، مگر افسوس کہ اس کے باوجود سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ خصوصاً ڈبل موڑ کے مقام پر سڑک دونوں اطراف سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔
روزانہ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں اور متعدد مواقع پر سڑک ایک سے دو گھنٹے تک بند رہتی ہے، جس سے نہ صرف مقامی افراد بلکہ سیاحوں کو بھی شدید مشکلات اور قیمتی وقت کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عوام کا سوال بجا ہے کہ جب ٹول ٹیکس باقاعدگی سے وصول کیا جا رہا ہے تو آخر یہ رقم کہاں خرچ ہو رہی ہے؟ اگر بنیادی سڑکوں کی مرمت، دیکھ بھال اور ٹریفک کی روانی یقینی نہیں بنائی جا رہی تو ٹول وصول کرنے کا مقصد کیا ہے؟

متعلقہ حکام، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں