لاہور (مانسہرہ ڈاٹ کام)
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت اچانک گرنے سے متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت ٹیوشن سینٹر میں ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے موجود تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ متعدد دیگر بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی اندیشہ ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 4:45 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی بچوں کو ملبے سے نکال لیا ہے، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
مقامی افراد کے مطابق عمارت میں صبح کے وقت اسکول چلتا ہے، جبکہ شام کے اوقات میں اسی جگہ ٹیوشن کلاسز منعقد کی جاتی تھیں۔ حادثے کے وقت بچے ٹیوشن لینے کے لیے موجود تھے۔
پولیس کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جبکہ گراؤنڈ فلور پر بچوں کو پڑھایا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد گھر کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔

🤲 دعا:
اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے بچوں کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
🚨 لاہور میں دل دہلا دینے والا سانحہ، ٹیوشن سینٹر کی چھت گر گئی، متعدد بچے جاں بحق.
23