منڈی بہاؤالدین: قادر آباد روڈ پر سیرے کے قریب نامعلوم مخالفین نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 48 سالہ ظفر اقبال گوندل اور ان کا 30 سالہ بھانجا حسنین گوندل موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین عدالت میں پیشی کے بعد اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ واردات کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او منڈی بہاؤالدین پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے۔