اسلام کوٹ: 23 سالہ خاتون کی لاش برآمد، سسرالیوں پر تشدد کا الزام.

28

اسلام کوٹ کی نجار کالونی میں 23 سالہ خاتون کی گھر سے لاش ملنے کے واقعے نے نیا رخ اختیار کرلیا، مقتولہ کے والدین نے سسرالیوں پر بیٹی کو تشدد کرکے قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق تین روز قبل نجار کالونی میں ایک گھر کے کمرے سے 23 سالہ بھاگونتی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر لاش بیڈ پر موجود تھی جبکہ کمرے کی کھڑکی سے ایک ڈوری لٹک رہی تھی۔
سسرالیوں نے پولیس کو مؤقف دیا کہ خاتون نے خودکشی کی، تاہم مقتولہ کے والد نے اپنے ویڈیو بیان میں اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
مقتولہ کے والد نے سوال اٹھایا کہ کھڑکی میں لٹکی ہوئی مختصر ڈوری سے خودکشی کیسے ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیٹی کی موت کی اطلاع بھی سسرالیوں نے انہیں نہیں دی بلکہ پولیس کی جانب سے فون کیے جانے کے بعد وہ مٹھی سے اسلام کوٹ پہنچے۔
والدین نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بغیر لاش سسرالیوں کے حوالے کردی تھی۔
دوسری جانب پولیس اور اسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ واقعے کے وقت مقتولہ کے والدین خود پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے تھے اور انہوں نے اسٹامپ پیپر پر تحریری طور پر اس حوالے سے رضامندی ظاہر کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں