منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
ایبٹ آباد میں ای ٹی او نارکوٹکس کنٹرول ماجد خان اور سرکل آفیسر و ڈائریکٹر ہزارہ ریجن ارشاد اللہ آفریدی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ایکسائز فیصل خان اور ٹیم نے بڑی کارروائی عمل میں لائی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق خفیہ ریکی اور آئس کے عادی افراد کی نشاندہی کے بعد نواں شہر میں الیاسی مسجد کے قریب چھاپہ مارا گیا، جس دوران آئس کا مبینہ ڈیلر اور سپلائر عاصم ولد افسر خان رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2178 گرام آئس برآمد ہوئی، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز ایبٹ آباد میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔