ایبٹ آباد بورڈ نے آن لائن فیس سسٹم فعال کردیا، بینک کی قطاروں سے نجات

48

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے طلباء و طالبات کی سہولت کے پیشِ نظر ایک بڑی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ ماضی میں ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں اور والدین کو بورڈ کی فیسیں جمع کرانے کے لیے ایبٹ آباد میں واقع واحد الائیڈ بینک کا رخ کرنا پڑتا تھا، جہاں لمبی قطاریں اور وقت کا ضیاع معمول بن چکا تھا۔

چیئرمین بورڈ کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی ہدایت اور وژن کے تحت بورڈ نے اپنے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے فیسوں کو آن لائن جمع کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری بورڈ عبدالماجد، کنٹرولر امتحانات بابر ایاز اور آئی ٹی ٹیم نے مشترکہ طور پر یہ سہولت فعال کی ہے۔

اب انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پرائیویٹ طلباء و طالبات آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کے بعد اپنی فیس باآسانی جاز کیش، ایزی پیسہ اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے گھر بیٹھے ادا کرسکیں گے۔ اس سسٹم میں خودکار تصدیق (Auto Verification) کی سہولت بھی شامل ہے، جس کے باعث طلبہ کو کسی بینک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

بورڈ حکام کے مطابق اس سہولت سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی، جبکہ آئندہ تمام فارمز کو بھی بتدریج آن لائن کردیا جائے گا تاکہ طلباء و طالبات کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں