ایبٹ آباد: کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ایبٹ آباد کا بڑا فیصلہ ، زائد المعیاد ادویات واپس نہ لینے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ایبٹ آباد نے ریٹیلرز کو درپیش سنگین مسائل کے حل اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے 12 نکاتی جامع پالیسی وضع کر دی ہے۔
ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ زائد المعیاد یا فریش ادویات کی واپسی سے انکار کرنے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
یہ اہم فیصلہ سینئر وائس چیئرمین خیبرپختونخوا ارسلان غنی کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں سردار رومان، شاہد علی، رشید عباسی، محمد تنویر، مقصودالرحمن، محمد اشفاق، خالد طورو، اختر فرید، محمد سرور، صاحبزادہ طیب اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریٹیلرز کو درپیش معاشی اور انتظامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اس موقع پر سردار محمد رومان اور شاہد علی نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ریٹیلرز پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ مختلف محکموں کی جانب سے بھاری ٹیکسز نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریٹیلرز نہایت کم منافع پر کام کر رہے ہیں اور کمپنیوں کے فرنٹ مین کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن ان کے حقوق مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی کمپنی یا ڈسٹری بیوٹر ریٹیلرز کے حقوق کا احترام نہیں کرتا یا پالیسی پر عمل درآمد سے انکار کرتا ہے تو اس کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
مزید برآں، اگر کوئی کیمسٹ ایسوسی ایشن کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو اس کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی جائے گی۔
آخر میں طے پایا کہ ان سفارشات کو آئندہ جنرل باڈی اجلاس میں پیش کر کے باضابطہ منظوری حاصل کی جائے گی، تاکہ ان پر عمل درآمد کے لیے حتمی لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔