ایبٹ آباد : کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں کانووکیشن تقریب میں 1283طلبہ کو MS/BSکی ڈگریاں 32طلبہ کو PhDکی ڈگریاں جبکہ92طلبہ کواعلی کارکردگی پر میڈلزسے نوازا گیا۔
کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں سیشن فال2024اور سیشن سپرنگ2025 کانووکیشن کی تقریبات منعقد ہوئیں۔تقریب میں کل 1280طلبہ جن میں 901انڈرگریجویٹ اور 350گریجویٹ اور31 PhDطلباء وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔
سیشن فال 2024میں 35 اور سیشن سپرنگ 2025میں 57، مجموعی طور پر کل 92پوزیشن ہولڈرز کوگولڈمیڈل،براوئنزمیڈل اورسلور میڈل دیئے گئے۔ جس میں ریکٹر کامسٹیس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹرشاہد خٹک،مختلف کیمپسز کے ڈائریکٹرز، ممبر ان سینٹ اور ممبران سینڈیکیٹ، ممبران اکیڈمک کونسل اور دیگر پروفیسر صاحبان نے شرکت کی۔
اس موقع پر فارغ التحصیل طلباء و طالبات کے والدین،،رشتے داروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے تقریب سیاظہارِ خیال کرتے ہوئے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات کو مبارک باد دی اور کامسیٹس کی انتظامیہ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُنہیں اس پر وقارتقریب میں مدعو کیا۔
اس موقع پر اُنہوں نے کامسیٹس کی مینجمنٹ، اساتذہ کرام کی کاوشوں کو سراہا جن کی وجہ سے پوری دُنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں اِس تقریب کو طلباء و طالبات کی زندگی کا اہم سنگ میل قرار دیا اورامید ظاہر کی کہ گریجویٹس اپنی اہلیت اور جذبے سے پاکستان کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کی معاشی ترقی اور ہنر مند افرادی قوت تعلیم سے پیدا ہوتی ہے اکیسویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ سائنسی تحقیق سے کیا جا سکتا ہے۔
مہمان خصوصی نے کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کے لیے متعلقہ شعبوں میں بیش بہا علمی مہارت مہیا کرنے پر ڈائریکٹر کامسیٹس ایبٹ آبادپروفیسر ڈاکٹرشاہد خٹک کی کاوشوں کو بھی سراہا اورکہا کہ کسی بھی ادارے کو بہتر کرنے کیلئے پروفیسر ڈاکٹرشاہد خٹک جیسا عزم چاہئے۔
انہوں نے طلباء اور ان کے والدین کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ والدین اور اساتذہ کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا لیں۔انہوں نے کہا کہ کانوکیشن خوشی کا دن ہے۔ جتنا ہو سکے ان لمحوں کو یادگار بنائیں۔
آج آپ کی محنت رنگ لائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ ہمارا ایک قیمتی اثاثہ ہیں، بے شک آج کا دن ایک یادگار دن ہے اور آپ سب کو آج کے دن بہت بہت مبارک باد۔ہم آپ کی کامیابی پر انتہائی خوش ہیں۔ آج آپ سب نے علم کا خزانہ اکٹھا کیاہے۔آپ کی کامیابی اس ملک کی اور انسانیت کی کامیابی ہے۔
آپ لوگ ہمارے معاشرے کے ذہین طالب علم ہیں۔ یہ ایک خوش آئیندبات ہے کہ کامسیٹس یونیورسٹی میں سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ آپ کی کامیابی میں نمایاں حیثیت آپ کے رویوں اور آپ کے کردار کا بھی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلباء و طالبات سے کہا کہ حاصل شدہ نعمتوں پر شکرگزار ہونا بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔
آپ سب لوگ ایک بہترین تعلیمی ادارے کے گریجویٹ ہیں، اسے معمولی نہ سمجھیں۔ جو لوگ مستقل محنت نہیں کرتے،وہ ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اسی لیے ضروری ہے کہ آپ مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کریں۔ آپ کی زندگی میں مسلسل بہتری تب آئے گی جب آپ مسلسل محنت کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے کہاکہ کامسیٹس ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جو تعلیم کواولین ترجیح کے طور پر دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی گزشتہ(2) دو دہائیوں سے طلبہ کی ہمہ جہت تعلیم و تربیت کرکے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کررہی ہے۔
یہ اس یونیورسٹی کی مخلصانہ کاوشوں کا ثمر ہے کہ ہمارے طلبہ بامقصد تعلیم حاصل کرکے نہ صرف منزلِ مقصود تک پہنچتے ہیں بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کانام بھی روشن کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد نے مزید کہا کہ ہم یہ ارادہ رکھتے ہیں کہ آنے والے وقت میں کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد اپنے تعلیمی و تحقیقی پروگرامز کو موجودہ قومی ضروریات اور سوسائٹی کے مسائل کے حل کو مدِنظر رکھتے ہوئے ترتیب دے گی۔
جس کے لئے ہم حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔یہاں طلباء و طالبات کو تعلیم کی تمام ترسہولیات فراہم کی جاتی ہیں اورجدید تقاضوں سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ یونیورسٹی دن دگنی رات چگنی ترقی کررہی ہے اور مختصر عرصے میں کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد نے ایک بہتر مقام بنا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈگری ہولڈرز طلباء یونیورسٹی سے فارغ ہوئے لیکن ان کی اصل آزمائشی و کامیاب زندگی کا آغاز ہونے والا ہے اور انشاء اللہ ہمیں امید ہے کہ وہ اب آگے اپنی زندگی میں کامیابی لائیں گے اور اچھے مقام پر پہنچ کرکامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آبادکا نام روشن کریں گے انہوں نے کہا کہ طلباؤ طالبات کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں۔نے مستقبل کے ہونہاروں کو علم کی راہ پر گامزن کیا اور آج انہیں یہ خوشی کا مقام دیکھنا نصیب ہوا انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آبادمسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی تاریخ اور اغراض و مقاصد بیان کئے۔اور کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے بہترین ماحول، اقدامات اور انتھک کاوشوں کے پیچھے قابل ٹیم، فیکلٹی و ملازمین ہیں اور ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔
انہوں نے یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام کی علم دوستی کی مثالیں بھی دیں۔ اُنہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انڈر گریجوئیٹ،گریجوئیٹ اورPhD طلباء و طالبات کو اور اُن کی والدین کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔۔