عوام کے مسائل کے بروقت حل کیلئے ڈی پی او مانسہرہ کی ڈھوڈیال میں کھلی کچہری کا انعقاد

28

مانسہرہ : عوام کے مسائل کے بروقت حل کیلئے ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی سربراہی میں ڈھوڈیال میں کھلی کچہری کا انعقاد۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقادڈھوڈیال میں کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شہری اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز لے کر پہنچے تو ڈی پی او مانسہرہ نے انہیں نہایت تحمل، توجہ اور خلوص سے سنااورمتعدد شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے، جنہیں عوام نے بے حد سراہا۔

کھلی کچہری میں ڈی ایس پی شنکیاری جاوید خان، ڈی ایس پی ٹریفک ارشد خان سمیت دیگر پولیس افسران، علماء کرام، بلدیاتی نمائندگان، میڈیا نمائندگان اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کھلی کچہری کے دوران عوامی نوعیت کے اہم مسائل پر فوری اقدامات عمل میں لائے گئے۔ بازاروں میں نو پارکنگ اور منی اڈوں کے خاتمے کے معاملات کو موقع پر ہی حل کیا گیا، جبکہ اسکول و کالجز کے اوقات میں بچیوں کے تعلیمی اداروں کے باہر اوباش نوجوانوں کے جمع ہونے کی شکایات پر ڈی پی او مانسہرہ نے تمام پولیس افسران کو فوری کارروائی اور ایسے عناصر کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل براہ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا بروقت حل میری اولین ترجیح ہے، پولیس کے دروازے ہر شہری کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

ڈی پی او مانسہرہ نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں، لہٰذا پولیس اور عوام کے مابین اعتماد اور رابطے کو مزید مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکن افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی، کسی کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عوام نے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے عوام دوست رویے، فوری اقدامات اور جرائم کے خاتمے کے لیے ان کی پُرعزم کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں