ہریپور : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر اور ایئر کراچی کے چیئرمین حنیف گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کی مٹی میں تقریباً 636 ارب ڈالر مالیت کے سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر نے بتایا کہ اس اہم انکشاف سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے، اور دونوں شخصیات نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غوطہ خوروں کی ٹیم نے تربیلا ڈیم کے اندر سے مٹی کے نمونے حاصل کیے، جنہیں غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں جانچنے کے بعد سونے کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
ماہرین کے مطابق، ڈیم کی مٹی میں موجود سونے کی مجموعی مالیت تقریباً 636 ارب ڈالر بنتی ہے، جو پاکستان کے مجموعی قومی قرضوں کے ازالے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
حنیف گوہر نے تجویز دی کہ یہ منصوبہ واپڈا کو خود مکمل کرنا چاہیے، تاہم اگر ادارہ ایسا نہ کر سکے تو ان کی کمپنی سرمایہ کاری اور سونا نکالنے کا عمل مکمل کر کے اسے حکومت کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ٹیم نے ہالینڈ، ایمسٹرڈم اور کینیڈا کے ماہرین سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے، اور اگر حکومت اجازت دے تو منصوبے پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کیا جا سکتا ہے۔
ایئر کراچی کے منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر نے اعلان کیا کہ اندرونِ ملک پروازوں کا آغاز 23 مارچ 2026 سے کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 3 سے 5 ایئربس طیارے شامل کیے جائیں گے، جبکہ ایک سال بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز بھی متوقع ہے۔