مانسہرہ کے نوجوان کی 31ویں آل پاکستان بائی لِنگول ڈیکلیمیشن 2025 کے مقابلہ میں شاندار کارکردگی

61

مانسہرہ: مانسہرہ کے نوجوان کی 31ویں آل پاکستان بائی لِنگول ڈیکلیمیشن 2025 کے مقابلہ میں شاندار کارکردگی۔

کیڈٹ کالج پیٹارو کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام 31واں آل پاکستان بائی لِنگول ڈیکلیمیشن کنٹسٹ 2025 شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے مختلف کیڈٹ کالجز اور تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس مقابلے میں کیڈٹ کالج مری کے کیڈٹس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

خاص طور پر مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے کیڈٹ تنزیل تنولی نے اس مقابلے میں پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف ادارے بلکہ پورے مانسہرہ کا نام بھی روشن کر دیا۔تنزیل تنولی مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانی عاصم تنولی کے صاحبزادے ہیں۔ تنزیل تنولی کی مدلل تقریر، پُراعتماد اندازِ بیان اور شاندار تیاری کو ججز نے خصوصی طور پر سراہا۔

کانٹیسٹ میں ملک بھر سے آئے ہوئے کیڈٹس نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تقاریر پیش کیں۔ مقابلہ علمی اور فکری سطح پر نہایت سخت تھا، تاہم کیڈٹ کالج مری کی ٹیم نے مضبوط تیاری، بہترین ڈلیوری اور معیاری بحث کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

کیڈٹ کالج مری کی انتظامیہ نے تنزیل تنولی اور دیگر کیڈٹس کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کی اعلیٰ تربیت اور معیاری تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیڈٹس آئندہ بھی قومی سطح کے مقابلوں میں ادارے اور ملک کا نام بلند کرتے رہیں گے۔

مانسہرہ کی عوام اور مقامی شخصیات نے بھی تنزیل تنولی کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ضلع مانسہرہ کے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت مثال قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں