بٹگرام: صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت سماجی مسائل کے تدارک اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن بٹگرام کی جانب سے پولیس ڈپارٹمنٹ بٹگرام اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے بٹگرام بازار میں انسدادِ بھیک آپریشن کیا گیا۔
یہ آپریشن ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول کی سربراہی میں کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد عوامی مقامات پر بھیک مانگنے کے بڑھتے ہوئے رحجان کی روک تھام اور منظم بھیک مانگنے کے خاتمے کو یقینی بنانا تھا۔ آپریشن کے دوران دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے متعدد پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گڈ گورننس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور بھیک مانگنے کے کسی بھی واقعے یا شکایت کی فوری اطلاع ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت، شفاف اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔