مانسہرہ : وادی کاغان کے خوبصورت تفریحی مقام بٹہ کنڈی میں قومی جانور مارخور کا 105 فٹ بلند اور 38 فٹ چوڑا دیو قامت مجسمہ نصب کر دیا گیا۔
مارخور کے مجسمے کی تکمیل پر تیزی سے کام جاری ہے جو آئندہ سال تک سیاحوں کے لیے نیا ٹورسٹ اسپاٹ بن جائے گا۔
سوشل میڈیا پر متعدد حلقوں کی جانب سے اس مجسمے کو دنیا کا سب سے بڑا مجسمہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تخمینے کے مطابق اس منصوبے پر اب تک 5 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ مکمل ہونے کے بعد اس کی مجموعی لاگت 7 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
مارخور کے ساتھ ساتھ اٹلی کے مشہور Leaning Tower of Pisa کی طرز پر ایک ٹاور بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے مزید کشش کا باعث بنے گا۔
انتظامیہ کے مطابق مجسمے کی مضبوطی کے لیے واٹر پروف اور خصوصی پائیدار میٹیریل استعمال کیا گیا ہے تاکہ موسم کی سختیوں میں بھی اس کی خوبصورتی برقرار رہے۔
بٹہ کنڈی میں زیرِ تعمیر یہ منفرد مجسمہ اگلے سال تک سیاحوں کے لیے نیا فوٹو پوائنٹ اور وادی کا شناختی نشان بن سکتا ہے۔