کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں مریضوں کی سہولیات داؤ پر

110

مانسہرہ: کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں مریضوں کی سہولیات داؤ پر، انتظار گاہ کی جگہ کینٹین کی تعمیر پر عوام نے احتجاج کیلئے سر جوڑ لیے، کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ میں انتظامی بے حسی اور عوامی مطالبات کے باوجود مریضوں کی انتظار گاہ کی جگہ نئی کینٹین کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

شہریوں نے اس اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی خاموشی کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہسپتال گارڈن جو مریضوں اور لواحقین کے لیے مرکزی انتظار گاہ تھا کو تباہ کرکے کینٹین کی تعمیر شروع کی گئی ہے۔ عوام نے اس فیصلے کو غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ نے سہولت کے بجائے منافع کو ترجیح دی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں پہلے ہی انتظار گاہ کی کمی تھی، اب اس جگہ کو ختم کرنے سے مریضوں، خواتین، بزرگوں اور دور دراز علاقوں سے آنے والے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔ کئی مقامی رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ ہسپتال کے ایم ایس نے صورتحال پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس سے انتظامی غفلت مزید نمایاں ہو رہی ہے۔

عوام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے فوری نوٹس لینے، انکوائری کرانے اور تعمیراتی کام فوراً رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

عوامی حلقوں نے محکمہ صحت اور صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مریضوں کی سہولت کو مقدم رکھتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے فیصلے کا فوری جائزہ لیا جائے اور انتظار گاہ کی جگہ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں