ملزم کاشف علی کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

104

ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کی کاغان کالونی میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے میں پولیس نے باضابطہ قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کاشف علی کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والے تینوں معصوم بچوں کی تدفین کر دی گئی ہے جبکہ ملزم اور اس کی اہلیہ تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کاشف کے چچا زاد بھائی کے مطابق ہفتے کے روز دن تقریباً ایک بجے کاشف علی کی آخری فون کال موصول ہوئی، جس میں اس نے کہا صرف آپ کی آواز سننے کے لیے کال کی ہےاور اس کے فوراً بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔

کچھ ہی دیر بعد کاشف علی کی جانب سے ایک ویڈیو اسٹیٹس سامنے آیا، جس پر اہلخانہ فوری طور پر کاغان کالونی میں اس کے گھر پہنچے۔گھر کا مرکزی دروازہ اندر سے بند تھا، تالا توڑ کر داخل ہوئے تو منظر دل دہلا دینے والا تھا۔کاشف علی اور اس کی اہلیہ بے ہوشی کی حالت میں پڑے تھے، جبکہ تینوں کمسن بچے موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کاشف علی کے خلاف اپنی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 اور 324 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق کاشف علی اور اس کی اہلیہ اس وقت ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو میں لگائے گئے الزامات، مالی لین دین اور دیگر شواہد کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔حاجی عادل کا شوروم سیل کر دیا گیا ہے جبکہ 3کھڑی گاڑیوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے
دوسری جانب جاں بحق تینوں معصوم بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

کاغان کالونی اور گردونواح میں فضا سوگوار ہے، جبکہ شہریوں نے اس سفاک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں