نو منتخب ممبر پاکستان بار کونسل قاضی محمد ارشد کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب

70

ایبٹ آباد: نو منتخب ممبر پاکستان بار کونسل قاضی محمد ارشد کے اعزاز میں اوورسیز پاکستانی جماعتِ اسلامی کے رہنما سجاد تنولی کی جانب سے ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس استقبالیہ کے مہمانِ خصوصی امیر جماعتِ اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی تھے۔

تقریب میں خیبر پختونخوا بار کونسل کے ممبران، پاکستان بار کونسل کے سابق ممبران، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان اسلامک لائرز موومنٹ کے ضلعی و صوبائی صدور، صوبائی نائب صدور، سینئر وکلاء اور قانونی شعبے سے وابستہ ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی عبدالرزاق عباسی امیر جماعتِ اسلامی ہزارہ نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی ہمیشہ قانون کی حکمرانی، سستے اور فوری انصاف، آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء تحریک نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عدلیہ کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا، اور جماعتِ اسلامی ہر دور میں اہل، باکردار اور نظریاتی وکلاء کی پشت پر کھڑی رہی ہے۔

انہوں نے قاضی محمد ارشد کو پاکستان بار کونسل کا ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس فورم سے انصاف کے نظام کو مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد ارشد، جو کہ جماعتِ اسلامی کے رہنما اور پاکستان اسلامک لائرز موومنٹ کے سینئر رہنما بھی ہیں، نے جماعتِ اسلامی اور اسلامک لائرز موومنٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی کامیابی میں تنظیمی کارکنان اور وکلاء برادری کی جدوجہد کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور وکلاء کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کریں گے۔

اس موقع پر طاہر فراز عباسی نے اپنے خطاب میں عبدالرزاق عباسی کی مسلسل جدوجہد، وکلاء کے مسائل کے حل اور قانونی برادری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعتِ اسلامی ہزارہ نے ہمیشہ اصولی سیاست اور قانون کی بالادستی کی بات کی ہے۔

تقریب میں شریک دیگر وکلاء رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد ارشد کی کامیابی کو نظریاتی وکلاء کی جیت قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان بار کونسل میں ان کی موجودگی وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور انصاف کے نظام کی بہتری کا باعث بنے گی۔

آخر میں مہمانوں کے اعزاز میں ضیافت دی گئی اور تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں