معروف پشتون قوم پرست رہنما صمد خان اچکزئی کی جدوجہد اور حیات پر ایک جامع سیمینار کا انعقاد

81

مانسہرہ : محکمہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے زیرِ اہتمام معروف پشتون قوم پرست رہنما صمد خان اچکزئی کی جدوجہد اور حیات پر ایک جامع سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

سیمینار کے مہمان مقررین میں صمد خان اچکزئی کے پوتے ایاز خان اچکزئی، خیبر پختونخوا اسمبلی کے سابق رکن اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر کلام خان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر محمد علی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی تورغر کے صدر زاہد خان شامل تھے۔

سیمینار کا آغاز امجد علی خان، لیکچرر شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات، نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایاز خان اچکزئی نے صمد خان اچکزئی کی خودنوشت “ؐے ؒمیری زندگی اور زمانہ” پر تفصیلی اور مدلل پریزنٹیشن پیش کی، جس میں انہوں نے صمد خان اچکزئی کی سیاسی جدوجہد، فکری وابستگی اور جمہوری حقوق کے لیے قربانیوں کو اجاگر کیا۔

دیگر مقررین نے اپنے خطابات میں صمد خان اچکزئی کی انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہیں جمہوریت، انسانی حقوق اور قومی تشخص کے لیے جدوجہد کی ایک روشن مثال قرار دیا۔

سیمینار کے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر عادل خان نے جدید معاشروں میں مزاحمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی جبر سے بچنے، قومیتوں اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ریاست کو عوام کے سامنے جواب دہ بنانے کے لیے شعوری اور پُرامن جدوجہد ناگزیر ہے۔
آخر میں شرکاء نے سیمینار کو علمی، فکری اور تاریخی حوالے سے نہایت مفید قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں