محکمہ خوراک ضلع مانسہرہ نے عوامی ایجنڈہ اور گڈ گورننس خیبر پختونخوا کے تحت 20 جنوری 2026 کو شہر میں مختلف مقامات پر مؤثر کارروائی کی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مانسہرہ جناب شیراز انور خان کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر پرستان قریشی اور فوڈ انسپکٹر شعیب لودھی نے لاری اڈہ اور اس کے گرد و نواح میں ہوٹلوں، کباب فروشوں، نانبائیوں، کریانہ اسٹورز اور گوشت کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورانِ معائنہ صفائی، معیار، نرخ ناموں اور اشیائے خورونوش کے وزن کو چیک کیا گیا۔ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوڈ قوانین کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں آئندہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر آٹے کے ڈیلرز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی دکاندار ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا کم وزن آٹے کی فروخت میں ملوث نہ ہو۔ حکام نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔





