مانسہرہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اظہر خان کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔ اردلی روم کے انعقاد کا مقصد پولیس اہلکاروں کے درپیش مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔
اس موقع پر ضلع بھر سے مرد و خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنی ٹرانسفر و پوسٹنگ، چھٹیوں سمیت مختلف انتظامی، مالی اور ذاتی نوعیت کے مسائل ڈی پی او مانسہرہ کے سامنے پیش کیے۔
ڈی پی او محمد اظہر خان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا مورال بلند رکھنا اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ محکمانہ کارکردگی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اہلکاروں کو درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
