ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے سپلائی جھنگی کے مقام پر قائم غیر قانونی گاڑیوں کے جمعہ بازار کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اسے ختم کر دیا۔




تفصیلات کے مطابق انسپکٹر ٹریفک وسیم خان نے ٹریفک نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر سڑک کے دونوں اطراف کونز لگا دیے اور جمعہ بازار میں فروخت کے لیے لائی گئی گاڑیوں کی سڑک کنارے پارکنگ ختم کرا دی۔ اس کارروائی کے دوران گاڑی مالکان کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی گاڑیاں فوری طور پر سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو متاثر نہ کریں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سپلائی جھنگی کے مقام پر ہر جمعہ کو غیر قانونی طور پر گاڑیوں کا بازار لگایا جاتا تھا جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
کارروائی کے بعد سڑک کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا جس سے ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئی
ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور سڑکوں پر قائم ایسے بازاروں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔
سپلائی جھنگی میں غیر قانونی گاڑیوں کے جمعہ بازار کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی، سڑک سے پارکنگ ختم، ٹریفک بحال
27