ڈی ایس پی سراج خان کا حویلیاں میں مختلف اداروں کا دورہ، سیکیورٹی اور پولیس امور کا جائزہ.

11

حویلیاں: (MansehraDotCom)






ڈی ایس پی حویلیاں سراج خان نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد تھانہ حویلیاں، ڈی آر سی آفس، حویلیاں بازار اور تھانہ پی او ایف کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کو فرائض کی مزید بہتر انجام دہی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
دورہ کے دوران ڈی ایس پی سراج خان نے تھانہ حویلیاں اور تھانہ پی او ایف میں ریکارڈ روم، شعبہ تفتیش، فرنٹ ڈیسک اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور لگن سے ادا کی جائیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے ڈی آر سی (Dispute Resolution Council) کے دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی آر سی کے عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے ڈی آر سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز معاشرے میں ہم آہنگی اور انصاف کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں ڈی ایس پی سراج خان نے حویلیاں بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بازار میں پولیس سیکیورٹی، گشت کے انتظامات اور ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حویلیاں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں