📢 ڈی پی او ایبٹ آباد کا امتحانی مرکز کا دورہ، پروموشن بی ون امتحانات کا جائزہ.

16

ایبٹ آباد: ( مانسہرہ_ڈاٹ_کام)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے ہزارہ ریجن میں جاری محکمانہ پروموشن بی ون ورکشاپس کے سلسلے میں قائم امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عمل، سکیورٹی اور انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد نے امتحانی ہالز کا معائنہ کرتے ہوئے شفافیت، میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے تعینات عملے کی کارکردگی کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ، ڈی ایس پی کینٹ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی مراحل میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے امتحان میں شریک پولیس جوانوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات، بیٹھنے کے انتظامات، روشنی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی مراکز کے اندر اور باہر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس امتحان میں ہزارہ ریجن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، جو اپنی محکمانہ ترقی کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔







آخر میں ڈی پی او ہارون رشید خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ہر مرحلے میں نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں