🚨 ہری پور / خانپور میں غیر قانونی جوس و واٹر فیکٹری سیل 🚨 ترناوہ میں انتظامیہ اور حلال فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

26

ہری پور/خانپور: ضلعی انتظامیہ اور حلال فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ترناوہ کے علاقے میں قائم ایک غیر قانونی واٹر اینڈ جوس فیکٹری کو سیل کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب مقامی انتظامی افسران کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ مذکورہ فیکٹری غیر قانونی طور پر غیر معیاری مشروبات تیار کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ فیکٹری کسی بھی قسم کی قانونی رجسٹریشن، لائسنس اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے بغیر کام کر رہی تھی۔ فیکٹری میں تیار کیے جانے والے جوس اور پانی نہ صرف غیر معیاری تھے بلکہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر بھی قرار دیے گئے۔
کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں تیار شدہ جوس، مضر صحت کیمیکلز، ناقص خام مال، پیکنگ میٹریل اور دیگر مشکوک اشیاء قبضے میں لے لی گئیں۔ حکام نے موقع پر ہی فیکٹری کو سیل کر کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت اور جان کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر جو انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی اور ضلع بھر میں اس قسم کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔
حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معیاری خوراک و مشروبات کی تیاری کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں