ایبٹ آباد: ہیلتھ سروسز میں بہتری کیلئے ڈپٹی کمشنر کا سخت ایکشن، غفلت برداشت نہیں ہوگی

19

ایبٹ آباد ( مانسہرہ_ڈاٹ_کام ) میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت “آئی ایم یو ہیلتھ” کا ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت کی کارکردگی، سہولیات اور انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد، بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) اور فیملی ویلفیئر کلینکس میں ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت، صفائی کے معیار اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بعض مراکز میں سہولیات کی کمی اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہیلتھ فسیلٹیز میں میڈیکل آفیسرز اور عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے غیر ضروری “جنرل ڈیوٹی” سسٹم کو فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے عملے کو ان کی اصل ذمہ داریوں پر تعینات کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مزید برآں، بوئی، موہری بدبینڑ اور تاجوال میں تعینات عملے کو واپس ان کے اصل ڈیوٹی اسٹیشنز پر بھیجنے اور فیملی ویلفیئر کلینکس کو مکمل فعال بنانے کے لیے “ری شفلنگ” کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر یا غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور اس حوالے سے ڈائریکٹر و سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ جن مراکز میں بندش، ناقص کارکردگی یا غفلت پائی گئی وہاں فوری طور پر شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں گے، تاکہ ذمہ داران کا تعین کر کے اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں