مانسہرہ: تھانہ خاکی کی حدود تمبر کھولہ میں دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونی تصادم میں تبدیل ہو گئی، جہاں گزشتہ شب ملزمان کی فائرنگ سے عبدالرشید نامی شہری موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان اورنگزیب اور راجہ پسران میر غضب، سکنان تمبر کھولہ نے سابقہ دشمنی کی بنا پر عبدالرشید پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ خاکی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مؤثر حکمت عملی کے تحت دونوں ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل 2 عدد 30 بور پستول بھی برآمد کر لیے ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ کیس کو مضبوط بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق قتل کی بنیادی وجہ دیرینہ دشمنی بتائی جا رہی ہے، جس کی مزید چھان بین جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث دیگر ممکنہ افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ضلعی پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دیرینہ دشمنی کا انجام، تمبر کھولہ میں فائرنگ سے شہری جاں بحق، ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار.
24