بھارتی شہر ممبئی میں آئی آئی ٹی بمبئی کے انرجی سائنس اینڈ انجینئرنگ شعبے کے دوسرے سال کے ایک طالب علم کی موت واقع ہوگئی۔ ادارے کے مطابق طالب علم امتحان کے دوران موبائل فون کے ذریعے چیٹ جی پی ٹی سے جوابات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
آئی آئی ٹی بمبئی کے مطابق طالب علم نے امتحانی سوالنامہ چیٹ جی پی ٹی پر اپ لوڈ کیا تھا، تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اس کے خلاف فوری طور پر کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق انسٹرکٹر اور شعبے کے سربراہ نے طالب علم سے بات کی، اسے صورتحال سمجھائی اور بتایا کہ اس واقعے سے اس کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔ گفتگو کے بعد طالب علم اپنے ہاسٹل کے کمرے میں واپس چلا گیا، جہاں بعد میں اسے مردہ پایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی آئی ٹی بمبئی کے پوائی کیمپس میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران یہ تیسرا ایسا واقعہ ہے۔ واقعے کے بعد کیمپس کے باہر طلبہ نے احتجاج بھی کیا۔
احتجاج کرنے والے طلبہ نے ادارے سے واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا اور دعویٰ کیا کہ طالب علم کو مبینہ طور پر سخت تادیبی کارروائی کا سامنا تھا۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

واقعے نے تعلیمی اداروں میں طلبہ پر تعلیمی دباؤ، امتحانات میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور طلبہ کی فلاح و بہبود سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔
ممبئی: امتحان میں چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے معاملے کے بعد طالب علم کی موت.
22