🟩 ہری پور: ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور سے علماء کرام کے وفد کی اہم ملاقات.

21

ہری پور: ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور سے علماء کرام کے ایک معزز وفد نے ملاقات کی، جس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے حالیہ منعقدہ امن مشاورتی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ڈی پی او کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پولیس کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران علماء کرام نے کہا کہ ہری پور پولیس نے امن کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں، جو معاشرے میں مثبت اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی امن کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے علماء کرام کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو لوگوں کی رہنمائی اور اصلاح میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور علماء کے درمیان باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ ہری پور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے علماء کرام سمیت تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں رواداری، برداشت اور اتحاد کے فروغ کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں مستقبل میں بھی باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں