🟥 مانسہرہ: داتا ٹیوب ویل واٹر سپلائی اسکیم ناکارہ، کروڑوں روپے ضائع ہونے کا انکشاف.

22

مانسہرہ: نااہل سرویئر کے مبینہ غلط سروے، محکمہ کی ناقص حکمت عملی اور ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث داتا ٹیوب ویل واٹر سپلائی اسکیم مکمل ہونے کے باوجود ناکارہ ہو کر رہ گئی ہے۔ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے تیار کیا جانے والا یہ منصوبہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسائل کا باعث بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اسکیم طویل عرصے سے بند پڑی ہے جبکہ گلی محلوں میں بچھائی گئی پانی کی پائپ لائنیں کئی جگہوں سے غائب ہو چکی ہیں۔ گھروں میں نصب نلکوں سے پانی کے بجائے ہوا آ رہی ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی تھا، مگر ناقص منصوبہ بندی، مبینہ بدانتظامی اور غیر ذمہ دارانہ عملدرآمد کے باعث یہ اسکیم مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
اہلیان علاقہ کے مطابق انہوں نے متعدد بار متعلقہ حکام کو اس سنگین مسئلے سے آگاہ کیا، تاہم تاحال نہ تو کوئی مؤثر کارروائی کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی باضابطہ انکوائری عمل میں لائی گئی، جو کہ کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف انکوائری کا حکم دیں تاکہ حقائق سامنے آئیں اور اس منصوبے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں