ایبٹ آباد: ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک اہم کامیابی حاصل کر لی گئی۔ تھانہ رجوعیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ رجوعیہ امجد سالار خان نے خفیہ اطلاع اور جدید تفتیشی حکمت عملی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نیاز خان ولد اسلم خان سکنہ ڈگا میرا کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ واردات (اسلحہ) بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ رجوعیہ میں مقدمہ نمبر 285/26 بجرم دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان درج تھا۔ ملزم نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو شدید زخمی کر دیا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم وقوعہ کے بعد روپوش ہو گیا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر چھپتا رہا، تاہم پولیس نے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے اس کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے اہم انکشافات کی توقع ہے، جبکہ اس کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
🟥 ایبٹ آباد: پولیس کا کریک ڈاؤن، قتل کیس میں مطلوب ملزم اسلحہ سمیت گرفتار.
20