🟥 ہری پور: کوٹ نجیب اللہ پولیس کی بڑی کارروائی، طلائی زیورات چوری کرنے والا گروہ گرفتار، نقدی برآمد.

22

ہری پور: ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے گھر سے طلائی زیورات چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کانگڑہ کالونی میں ایک گھر سے طلائی زیورات چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر متاثرہ شہری کی مدعیت میں تھانہ کوٹ نجیب اللہ میں مقدمہ زیر دفعہ 380/34 پی پی سی درج کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ عمران نواز نے ڈی ایس پی سرکل خانپور راجہ محمد بشیر کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے جدید تکنیکی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں مسماۃ (ک) دختر اقبال، مسماۃ (م) زوجہ شان، مسماۃ (س) دختر حبیب اللہ ساکنان راولپنڈی اور عابد محمود ولد فتح روز سکنہ سوہاہ ضلع جہلم شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان ایک منظم گروہ کی صورت میں گھروں میں چوری کی وارداتیں کرتے تھے اور مختلف شہروں میں نقل و حرکت کر کے واردات کے بعد فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ رقم مبلغ 2 لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس گروہ کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں بھی اہم انکشافات کی توقع ہے۔
ڈی پی او ہری پور نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جا رہا ہے اور کسی بھی مجرم کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں