کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال میں گائنی مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور غیر ضروری ریفرلز کے خاتمے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر جواد مجید سواتی نے کی، جبکہ اس موقع پر گائنی وارڈ کی ڈاکٹرز، انچارج گائنی یونٹ اور بلڈ بینک انچارج ڈاکٹر فیصل شہزاد بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر جواد مجید سواتی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال سے کسی بھی گائنی مریضہ کو دیگر ہسپتالوں میں ریفر نہ کیا جائے اور تمام مریضوں کو ہسپتال میں ہی مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
گائنی یونٹ کی ڈاکٹرز نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں گائنی مریضوں کے علاج کے لیے ضروری طبی سہولیات، ماہر ڈاکٹرز اور دیگر انتظامات موجود ہیں، تاہم بعض اوقات بروقت بلڈ گروپ اور بلڈ ڈونرز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ریفر کرنا پڑتا تھا۔
اس موقع پر ڈاکٹر جواد مجید سواتی نے بلڈ بینک انچارج ڈاکٹر فیصل شہزاد کو ہدایت جاری کی کہ ہسپتال کے بلڈ بینک میں ہر وقت خون کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے اور کسی بھی گائنی مریضہ کو ریفر کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔


انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام شعبہ جات کو بہتر انداز میں فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال میں گائنی مریضوں کو ریفر نہ کرنے کا فیصلہ.
20