ڈیرہ غازی خان: سخی سرور پل کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی.

19

ڈیرہ غازی خان کے بین الصوبائی کوئٹہ روڈ پر سخی سرور پل کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تیز رفتار اے پی وی مسافر گاڑی موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مسافر اس میں پھنس گئے۔
اطلاعات کے مطابق اے پی وی بلوچستان کے علاقے رکنی سے مسافروں کو لے کر ڈیرہ غازی خان آ رہی تھی کہ سخی سرور روڈ پر یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی میں پھنسے افراد کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا، جہاں شدید زخمی افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں