ایبٹ آباد: محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان اجلاس، فول پروف سکیورٹی کے عزم کا اعادہ.

17

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی زیر صدارت حویلیاں میں امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی، بین المسالک ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے کے فروغ اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ، علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین کے درمیان مکمل رابطہ اور قریبی کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کا قیام صرف پولیس کی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے ہر قسم کے شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین نے محرم الحرام کے دوران ایبٹ آباد پولیس کی جانب سے کیے جانے والے سکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی پی او ایبٹ آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی سخت نگرانی کی جائے، داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ نظام قائم رکھا جائے، جبکہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہوائی فائرنگ، اشتعال انگیز تقاریر اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع ایبٹ آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔





اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں