مانسہرہ کے علاقے غازی کوٹ چمہوڑا میں پیش آنے والے ایک خونریز جھگڑے کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ واقعے میں ملوث افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ عقب چیئرمین ہوٹل غازی کوٹ کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک شخص نے اپنے سسرال پہنچ کر جھگڑے کے دوران اپنے سسر، سالے اور ایک اور شخص پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق واقعے میں ملوث تین افراد اور ایک خاتون جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ متاثرہ فریق نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے، جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
⚖️ نوٹ: زیرِ تفتیش مقدمات میں نامزد افراد کو عدالت سے جرم ثابت ہونے تک قانوناً ملزم تصور کیا جاتا ہے۔