رجوعیہ میں ڈرامائی انکشاف، “لڑکی” بن کر شادی کا جھانسہ دے کر شہری کو لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار.

24

مانسہرہ: تھانہ رجوعیہ کی حدود میں پیش آنے والے ایک انوکھے مگر تشویشناک واقعے میں پولیس نے موبائل فون پر خود کو “لڑکی” ظاہر کر کے شادی کا جھانسہ دینے اور شہری کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مدعی شربت علی ولد مسکین سکنہ رجوعیہ نے رپورٹ درج کرائی کہ اپنی اہلیہ کے انتقال کے بعد وہ دوسری شادی کا خواہشمند تھا۔ اسی دوران اسے ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے خود کو خاتون ظاہر کرتے ہوئے شادی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
کچھ عرصہ بات چیت کے بعد مبینہ “لڑکی” نے مدعی کو ملاقات کے لیے رجوعیہ زیارت کے قریب بلایا۔ مدعی جب طے شدہ مقام پر پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود دو افراد اسامہ ولد خانداد اور احتشام ولد ریاض ساکنان رجوعیہ نے اسے گھیر لیا اور مبینہ طور پر زبردستی اس کا موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی رجوعیہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جدید تفتیشی طریقوں اور تکنیکی شواہد کی مدد سے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور 45 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کر لی۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف دفعہ 382، 386 اور 420 تعزیراتِ پاکستان (PPC) کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری سوشل میڈیا، فون کالز اور آن لائن رابطوں کے ذریعے ملنے والی غیر مصدقہ پیشکشوں پر محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

جاری کردہ: پولیس ذرائع

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں