ہری پور: تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں پولیس اور مبینہ ڈکیت گروہ کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ عمران نواز، انچارج آرگنائزڈ کرائم یونٹ سعید شاہ اور انچارج چوکی رضوان شہید طارق سلیم، ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر کی نگرانی میں مشتبہ ڈکیت گروہ کی تلاش میں مصروف تھے۔
اسی دوران لنک روڈ ڈنگی، موٹروے پل کے قریب پولیس ٹیم کا ڈکیت گروہ سے آمنا سامنا ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔
گرفتار زخمی ملزم نے اپنا نام عمران ولد گلفام سکنہ چونگی پھاٹک شیخوپورہ، حال شینی میرا بتایا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول اور ایمونیشن برآمد کر کے اسے حراست میں لے لیا اور طبی امداد کے لیے آر ایچ سی کوٹ نجیب اللہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چند روز قبل ڈنگی پل کے قریب ایک شہری سے موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ حطار کی EPL فیکٹری کے چوکیدار پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کرنے اور KK گرائنڈنگ فیکٹری میں چوکیدار کو یرغمال بنا کر کاپر کیبل، سٹارٹرز، سی سی ٹی وی ڈی وی آرز، موبائل فونز اور نقدی لوٹنے کے واقعات میں بھی مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ حطار اور تھانہ کوٹ نجیب اللہ میں ڈکیتی، راہزنی اور اقدام قتل سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے کنٹرول روم کے ذریعے علاقے میں ناکہ بندیاں کر دیں اور فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔