افغان باشندوں کے لیے مبینہ جعلی شناختی کارڈز بنانے کا اسکینڈل بے نقاب، نادرا اہلکاروں سمیت متعدد افراد گرفتار.

23

چارسدہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایک اہم کارروائی کے دوران افغان باشندوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی قومی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نادرا کے سیکنڈ شفٹ انچارج سمیت متعدد اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں نادرا کے سیکنڈ شفٹ انچارج وقار جبکہ کمپیوٹر آپریٹرز عطاء اللہ، سجاد اور احمد شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان پر افغان باشندوں کے لیے غیر قانونی طور پر شناختی دستاویزات کے حصول میں سہولت کاری اور مبینہ جعلسازی کے الزامات ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ معاملے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ نیٹ ورک کی چھان بین بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف جاری حکومتی پالیسی اور کریک ڈاؤن کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق مانسہرہ، پشاور، نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں متعلقہ ادارے مختلف کاروباری مراکز اور سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ زیرِ تفتیش معاملے میں حتمی حقائق کا تعین تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں