مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے مرکزی ملزم ڈرائیور ممتاز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ملزم زخمی حالت میں جائے وقوعہ سے فرار ہو کر قریبی جنگل میں روپوش ہو گیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے مری پولیس نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
تحقیقات کے دوران ملزم کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ مری میں مقدمہ درج ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات، ذمہ داری کے تعین اور دیگر ممکنہ حقائق سامنے لانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ قانونی کارروائی کو میرٹ اور شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے گا۔