ایبٹ آباد: بائیکیا رائیڈر اُسامہ کے اندھے قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار.

22

ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہارون رشید خان کی ہدایات پر تھانہ نواں شہر پولیس نے ککمنگ ڈوگا کے مقام پر قتل ہونے والے بائیکیا رائیڈر اُسامہ ولد میر اکبر، سکنہ نواں شہر، کے اندھے قتل کا معمہ جدید ٹیکنالوجی، سائنسی شواہد اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے حل کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 15 جون کو مقتول کے بہنوئی زبیر ولد جاوید، سکنہ کملی ڈھیری، کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ دورانِ تفتیش مقتول، اہلِ علاقہ اور دیگر مشتبہ افراد کے کال ڈیٹا ریکارڈ (CDR) کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد اور مقتول کے موبائل فون کی ٹیکنیکل ٹریسنگ کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا۔
تحقیقات کے دوران مقتول کے فروخت شدہ موبائل فون تک رسائی حاصل ہوئی، جس کی بنیاد پر مرکزی ملزم کامل عرف کامی ولد جاوید، سکنہ پتھر گلی، کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ مالی مشکلات کا شکار تھا اور رقم حاصل کرنے کی غرض سے اس نے واردات کی منصوبہ بندی کی۔ ملزم نے بائیکیا رائیڈر اُسامہ کو ایبٹ آباد سے ککمنگ جانے کے لیے تین ہزار روپے میں بک کیا اور ککمنگ ڈوگا پہنچنے پر پستول سے فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا۔
ملزم مقتول کا موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی ساتھ لے جانا چاہتا تھا، تاہم جائے وقوعہ سے گزرنے والے ایک شخص کو دیکھ کر وہ موٹر سائیکل وہیں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
مزید تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وقوعہ کے اگلے روز ملزم دوبارہ بوئی پہنچا، جہاں اس نے ایک اور بائیکیا رائیڈر کی سروس حاصل کی اور اسی دوران مقتول کا موبائل فون فروخت کر دیا۔ فروخت شدہ موبائل فون کی ٹریسنگ اور دیگر ٹیکنیکل شواہد کی مدد سے پولیس ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں