مانسہرہ: چندے کے تنازع پر مبینہ تشدد، ڈگری کالج اوگی کے لیکچرر شدید زخمی، ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل.

19

مانسہرہ: مانسہرہ کینٹ میں گلی کی تعمیر کے لیے چندہ جمع کرنے کے تنازع پر مبینہ تشدد کے نتیجے میں ڈگری کالج اوگی کے لیکچرر محمد ناصر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال سے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق زخمی لیکچرر محمد ناصر نے بیان دیا کہ رات تقریباً 9:30 بجے زاہد اور مزمل پسران نزاکت نے ان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر انہیں باہر بلایا اور گھر کے سامنے گلی پختہ کرنے کے لیے ایک ہزار روپے چندہ دینے کا مطالبہ کیا۔
مدعی کے مطابق جب انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ گلی ان کے گھر سے کافی فاصلے پر واقع ہے، اس لیے وہ چندہ دینے کے پابند نہیں، تو اس پر تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ ان کا الزام ہے کہ اسی دوران مزید دو افراد ڈنڈے لے کر موقع پر پہنچ گئے، جہاں مزمل نے انہیں پکڑ لیا جبکہ زاہد نے مبینہ طور پر ڈنڈے سے سر اور پیشانی پر وار کیے۔ مدعی کے مطابق دیگر افراد نے بھی ڈنڈوں اور لاتوں سے تشدد کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس رپورٹ میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے جاتے ہوئے خوف و ہراس پھیلانے اور دھمکانے کی غرض سے گھر کے گیٹ کے قریب فائرنگ بھی کی۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ تمام الزامات کی تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں