اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو ایک خاتون کے ساتھ زبردستی کرتے دیکھا۔ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے وہ فوری طور پر واپس آئے اور خاتون کی مدد کے لیے مداخلت کی، جس کے نتیجے میں خاتون خود کو محفوظ کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق اسی دوران مبینہ ملزم سعد کی گروپ کیپٹن عاصم سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے چند لمحوں بعد اس نے فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی ہونے کے باعث گروپ کیپٹن عاصم موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم اس کا دفتر میں ساتھی (کولیگ) تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی، مگر بعد ازاں راستہ تبدیل کرکے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی۔
خاتون کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کرکے انہیں محفوظ بنایا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
اللہ تعالیٰ شہید گروپ کیپٹن عاصم کے درجات بلند فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
اسلام آباد: خاتون کی مدد کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید.
28