لاہور: باغبان پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی.

23

لاہور: باغبان پورہ کے علاقے سکھ نہر کے قریب ایک خستہ حال تین منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ گزشتہ رات تقریباً 10 بجے اس وقت پیش آیا جب گھر میں ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب جاری تھی، جس میں اہل خانہ کے علاوہ متعدد رشتہ دار بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق بارشوں سے بچاؤ کے لیے حال ہی میں مکان کی بالائی چھت پر مٹی ڈلوائی گئی تھی۔ اچانک بالائی منزل کی چھت نیچے آ گری، جس کے باعث یکے بعد دیگرے تینوں چھتیں منہدم ہو گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین منزلہ مکان میں تین بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے، جبکہ ان کی بہن بھی اپنے بچوں سمیت تقریب میں شرکت کے لیے آئی ہوئی تھی۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جبکہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان خستہ حال تھا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں