🚦 مانسہرہ ٹریفک پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے، 51 اہلکار تبدیل کرنے کے احکامات جاری.

25

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ محمد اظہر خان نے ضلع بھر میں ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے عرصۂ دراز سے ایک ہی مقام پر تعینات 51 ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
احکامات کے مطابق مختلف ٹریفک پوائنٹس اور ٹریفک آفس مانسہرہ میں تعینات متعدد اہلکاروں کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
ڈی پی او محمد اظہر خان کا کہنا ہے کہ آئندہ ٹریفک پولیس میں ایسے اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ، بہترین سروس ریکارڈ، خوش اخلاقی اور اچھی شہرت کے حامل ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ساتھ باوقار، خوش اخلاق اور ذمہ دارانہ رویہ ہر ٹریفک اہلکار کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نئی تعیناتیوں سے قبل وہ خود منتخب اہلکاروں کو دفتر طلب کرکے ان کے انٹرویوز کریں گے تاکہ بہترین صلاحیتوں کے حامل اہلکاروں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔
مانسہرہ پولیس کے مطابق شہریوں کو محفوظ سفر، منظم ٹریفک نظام اور بہترین عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں