واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ اپنے اہم منصوبوں اور تنصیبات کی مؤثر حفاظت کے لیے الگ واپڈا سیکیورٹی فورس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ مجوزہ فورس کے قیام کا حتمی اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہوگا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس میں واپڈا سیکیورٹی فورس بل پر غور کیا گیا، جہاں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے بتایا کہ صرف سیکیورٹی گارڈز کے ذریعے واپڈا کی تنصیبات اور بڑے منصوبوں کی حفاظت ممکن نہیں، اس لیے ایک منظم اور خصوصی سیکیورٹی فورس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ فورس کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پولیس یا فوج کا گریڈ 20 کا ریٹائرڈ افسر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکیورٹی انتظامات پر اخراجات زیادہ آتے ہیں، جبکہ نئی فورس کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر رکھا جائے گا اور اس میں پنشن کی سہولت شامل نہیں ہوگی۔
چیئرمین واپڈا نے یہ بھی بتایا کہ اس فورس کے لیے اہلکار نجی سیکیورٹی کمپنیوں سے بھی بھرتی کیے جا سکیں گے، تاکہ اہم آبی و بجلی منصوبوں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
⚡ واپڈا کا اپنی سیکیورٹی فورس قائم کرنے کا منصوبہ، ریٹائرڈ فوجی یا پولیس افسر سربراہ ہوگا.
25