مانسہرہ (ویب ڈیسک) – ضلع مانسہرہ کے تھانہ کاغان کی حدود ڈھیری منور میں پسند کی شادی کرنے والی ایک نوجوان لڑکی کی ہلاکت کا ڈراپ سین منظرِ عام پر آگیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ مسمات (س) کو ابتدائی طور پر پہاڑ سے گر کر ہلاک ہونے کا کہا جا رہا تھا، تاہم تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ اسے اس کے خاوند نے مبینہ طور پر پتھر مار کر قتل کیا اور بعد میں واقعے کو حادثے کا رنگ دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم رستم ولد دلپزیر نے بیوی کے سر پر پتھر مار کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ قتل کی مبینہ وجہ خاوند کی دوسری شادی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں تقریباً چار گھنٹے پیدل سفر کرکے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے جائے وقوعہ کی نشاندہی بھی کی۔ بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے عدالتی روبرو بھی جرم کا اعتراف کیا۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر پہلوؤں کو بھی سامنے لایا جا رہا ہے۔ مقتولہ کے لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزم کو سخت سزا دینے کی اپیل کی ہے۔
مانسہرہ: پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی پراسرار ہلاکت کا ڈراپ سین، خاوند گرفتار.
20