گلگت (ویب ڈیسک) – گلگت سپریم ایپلیٹ کورٹ جٹیال کے قریب ایک سیاح اور مقامی نوجوان کے درمیان کچرا پھینکنے کے معاملے پر تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق سیاح نے اپنی گاڑی سے کچرے سے بھرا ایک شاپر سڑک پر پھینک دیا، جس پر مقامی لوگوں نے اسے قریب میں موجود ڈسٹ بین میں کچرا ڈالنے کا کہا۔ تاہم سیاح نے گستاخانہ انداز میں جواب دیا کہ “یہ روڈ تمھارے باپ کا ہے جو منع کرتے ہو”۔
اس پر ایک مقامی نوجوان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے وہ کچرا اٹھایا اور اسے واپس سیاح کی گاڑی میں ڈال دیا، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین میں شدید تلخ کلامی اور بحث ہوئی۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گلگت جیسے خوبصورت سیاحتی علاقے میں کچرا سڑکوں پر پھینکنا ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتا ہے اور اس طرح کے رویوں سے سیاحت متاثر ہوتی ہے۔ دوسری جانب سیاحوں کا موقف ہے کہ انہیں مناسب طریقے سے کچرا پھینکنے کی ہدایت کی جانی چاہیے، نہ کہ بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ معمولی نوعیت کا تھا جسے موقع پر ہی حل کردیا گیا، تاہم اگر کوئی فریق درخواست دیتا ہے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گلگت میں سیاح اور مقامی نوجوان میں کچرا پھینکنے پر تلخ کلامی، ویڈیو وائرل
22