اسلام آباد میں پولیس اہلکار کے رویے پر شدید تحفظات، شہریوں کی شکایات میں اضافہ.

23


اسلام آباد (ویب ڈیسک) – دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 کے راستے پر تعینات ایک پولیس اہلکار کے مبینہ طور پر بد اخلاق اور نازیبا رویے کے خلاف شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ متعدد شہریوں اور خاص طور پر پشتون برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس اہلکار کیخلاف شکایات درج کروائی ہیں۔
متاثرہ شہریوں کے مطابق یہ پولیس اہلکار بلاوجہ لوگوں کو ہراساں کرتا ہے، ان کی تضحیک کرتا ہے اور معمولی معاملات پر وردی کے رعب کا استعمال کرتے ہوئے ایف آئی آر کی دھمکیاں دیتا ہے۔ کچھ شہریوں کا یہ بھی الزام ہے کہ وہ بعض اوقات لوگوں کو ایک طرف لے جا کر ناجائز طور پر رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔
سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ خواتین اور فیملیز کو بھی ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر گاڑی میں کوئی خاتون یا لڑکی ہو تو ان سے غیر ضروری اور عجیب سوالات کیے جاتے ہیں، جس سے خاندان شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک اہلکار کا یہ رویہ پوری کیپیٹل پولیس کی ساکھ کو داغدار کر رہا ہے۔ عوام کی حفاظت کے لیے تعینات وردی اگر خوف اور ہراس کی علامت بن جائے تو یہ انتہائی قابلِ افسوس ہے۔
حکام سے اپیل:
متاثرہ شہریوں اور مقامی باشندوں نے آئی جی اسلام آباد پولیس، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے درخواست کی ہے کہ اس اہلکار کے خلاف فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اسے محکمانہ کارروائی کے ذریعے سبق سکھایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موصولہ شکایات کا نوٹس لیا جائے گا اور الزامات کی تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں